غزل 5
وہ اک نگاہ جو سینے کے آر پار ہوئی
اسی نگاہ سے ویرانے میں بہار ہوئی
کوئی بھی سچ مری ہستی پہ آشکار نہیں
یہی حقیقتِ مطلق ہے آشکار ہوئی
کسی حسِین کے سر پر کلاہ کانٹوں کا
کوئی کلی کسی ظالم گلے کا ہار ہوئی
تھا جس نظر کو غرور اپنی پاکبازی پر
تری نگاہ میں وہ آنکھ داغ دار ہوئی
ہزار شُکر کہ راشد ہے تیرے دَر کا مطیع
کروڑوں رحمتیں دھڑکن ترے نثار ہوئی
Comments
Post a Comment