مناجات



تُو میرا آسرا ہے یا خدایا
کہ لب پر مدعا ہے یا خدایا
دو عالم کی مجھے حسنات دے دے
نبی ﷺ کا واسطہ ہے یا خدایا

مرے اجداد کو بخشش عطا کر
مری اولاد کو عشق آشنا کر
قیامت تک کی میری ہر نسل کو
 غلامِ بادشاہِ انبیا ﷺ کر

نظر کی دھار کو تلوار کردے
مرے گِرداب کو پتوار کردے
تُو ہر پل جاگتا ہے میرے مالک 
مقدر اُونگھتا بیدار کردے

مرے دل کو محبت کا دِیا کر
مری آلودگی ، صدق و صفا کر 
مرے کُنبے کو رحمت میں چھپا لے 
مرے گھر کو غلامِ مصطفیٰ ﷺ کر

میں عاجز ہُوں، تُو قادر یا خدایا
میں عاصی ہُوں، تُو اکبر یا خدایا
میں تیرے واسطے ہُوں اشک لایا
ان اشکوں کو گُہر کر یا خدایا

ولایت کا مجھے تمغہ عطا کر
شہادت کا مجھے رتبہ عطا کر
تُو چاہے تو گدا کو شاہ کردے
محبت کا مجھے جرعہ عطا کر

نبی ﷺ کے عاشقوں میں کر دے شامِل 
انہی ﷺ کی چاہ رکھے مجھ کو بسمل
زمیں سے آسماں کردے خدایا 
کہ رشکِ عرش ہو جائے مرا دِل

#حرفِ_راشد

Comments

Popular posts from this blog

جھنڈُو ‏اور ‏سونے ‏کا ‏ ہسّ

‏کہیں انکار کا غم ہے، کہیں اقرار کا غم ہے

غزل 32